راجکوٹ19اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)سوراشٹر کرکٹ یونین(ایس سی اے)نے وزیر اعظم نریندر مودی کو یہاں کے میدان پر ہونے والے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کیلئے مدعوکیاہے۔بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھاڈیری میں واقع ایس سی اے اسٹیڈیم میں نو سے 13نومبر کے درمیان کھیلا جائے گا۔ایس سی اے کے میڈیا منیجر ہمانشو شاہ نے کہاکہ ایس سی اے اگلے ماہ پہلی بار کسی ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا اور یہ اس علاقے کے تمام کرکٹ شائقین کیلئے فخر کا موضوع ہے۔ایس سی اے اورکونسل نے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے وزیراعظم نریندرمودی کودعوت دی ہے۔اس افسر نے کہاکہ یہ ایس سی اے کیلئے فخر کی بات ہے کہ مودی جی نے 19جون 2006کو جب وہ گجرات کے وزیراعلیٰ تھے تب اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔انہوں نے پانچ جنوری 2013کو اس کا افتتاح بھی کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ اب مودی جی وزیر اعظم بن گئے ہیں اور ان کی موجودگی ایس سی اے میں ہم سب کیلئے متاثر کن ہوگی۔انہوں نے اس کے ساتھ ہی بتایا کہ ریاست یونین وزیر اعظم کے دفتر سے تصدیق کا انتظارکررہاہے۔ایس سی اے نے گجرات کے وزیر اعلی وجے روپانی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والے علاقے کے سابق کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا ہے۔شاہ نے کہاکہ سابق کرکٹرز جیسے سلیم درانی، دلیپ ، کرسن گھاوری، یجویندر سنگھ اور اجے جڈیجہ کوبھی میچ کیلئے مدعوکیاگیاہے۔